Time 23 دسمبر ، 2024
دنیا

دمشق ائیرپورٹ کا فضائی آپریشن بحال ہوگیا

دمشق ائیرپورٹ کا فضائی آپریشن بحال ہوگیا
شامی وزیر ٹرانسپورٹ کہنا ہےکہ شام کے دو بڑے ائیرپورٹس دمشق اور حلب کے لیے شیڈول پروازوں کو جلد بحال کیا جارہا ہے،فوٹو: فائل

شام کے دارالحکومت دمشق ائیرپورٹ کا فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔

شام پر اپوزیشن فورسز کے قبضے  اور  بشار الاسد کے ملک سے فرار کے 16 دن بعد دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت بحال ہوگئی ہے تاہم شیڈول آپریشن کی بحالی کا باقاعدہ افتتاح جلد ہوگا۔

 ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ سے قطر ائیر کی خصوصی پرواز کیو آر 3250 نے پہلی بین الاقوامی پرواز کے طور پر پیر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہلی لینڈنگ کی۔

اس سے قبل ایک اندرون ملک پرواز  آر بی 112 دمشق سے شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کے لیے آپریٹ کی گئی جس میں 32 مسافروں نے حلب کا سفر کیا۔

8 دسمبر 2024 کو اپوزیشن فورسز کے دمشق پر قبضےکے دوران سابق صدر بشار الاسد کے فرار کے بعد دمشق ہوائی اڈے کو بندکر دیا گیا تھا۔

شام میں حکومتی تبدیلی کے دوران کشیدگی کی وجہ سے شام کی فضائی حدود بھی بند کردی گئی تھی۔ نئی عبوری حکومت نے 15 دسمبر کو شامی فضائی حدود پروازوں کے لیے کھول دی تھی۔

شامی وزیر ٹرانسپورٹ کہنا ہےکہ شام کے دو بڑے ائیرپورٹس دمشق اور حلب کے لیے شیڈول پروازوں کو جلد بحال کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :