25 دسمبر ، 2024
پشاور: پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی با اختیار ہے لیکن فیصلے عمران خان نے کرنے ہیں۔
پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات میں پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے، ملاقات کے لیے مناسب ماحول دیا جائے جس میں مشاورت ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی بلکل با اختیار ہے لیکن فیصلے بانی پی ٹی آئی نے کرنے ہیں اس لیے ان کے بغیر کوئی بھی بات چیت بے معنی رہے گی۔
اسد قیصر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن خیبر پختونخواکا بنیادی حق ہے، مخصوص نشستیں اور سینیٹ الیکشن ہمارا مطالبہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ملٹری کورٹس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد اور اپوزیشن میں مذاکرات کو پہلا دور گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا تھا جبکہ مذاکرات کی اگلی بیٹھک اب 2 جنوری کو ہوگی۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے، مذاکراتی کمیٹی صرف بات چیت کر سکتی ہے، تمام فیصلے عمران خان کریں گے۔