29 دسمبر ، 2024
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں سنگدل شوہر نے تیسری بیٹی کی پیدائش پر بیوی کو آگ لگادی جس سے خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ کندلیپ اتم کالے نے جمعرات کے روز اپنی بیوی پر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
خاتون کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے مطابق تیسری بیٹی کی پیدائش کے بعد سے کندلیپ اپنی بیوی کو طعنے دیتا تھا، وہ چاہتا تھا کہ اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہو اور اسی وجہ سے ان کے درمیان لڑائی جھگڑے رہتے تھے۔
پولیس کے مطابق اسی بات پر جمعرات کی شب دونوں میں شدید بحث ہوئی جس کا اختتام اس وقت ہوا جب سفاک شوہر نے بیوی پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگادی۔
خاتون آگ لگنے کے بعد باہر بھاگیں اور لوگوں سے مدد کی اپیل کی، جب تک لوگ انہیں بچانے یا آگ بجھانے آئے تب تک وہ کافی حد تک جھلس چکی تھیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کو بیوی کو قتل کرنے کے جرم میں فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا اور معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔