Time 31 دسمبر ، 2024
پاکستان

کراچی میں مختلف مقامات پر دھرنے جاری، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

کراچی میں مختلف  مقامات پر دھرنے جاری، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
فوٹو: فائل

پارہ چنار کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایم ڈبلیو ایم کے تحت کراچی میں 5 مقامات  پر دھرنے جاری ہیں  جس کے باعث شہریوں کو  مشکلات کا  سامنا ہے۔

کامران چورنگی پرپولیس کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ مظاہرین دھرنا ختم کرنے اور سڑک کھولنے سے انکاری ہیں۔ دھرنےکے باعث کامران چورنگی سے موسمیات جانے والی سڑک بند ہے۔

عباس ٹاؤن میں بھی  پولیس مظاہرین سے مذاکرات کی کوششیں کر رہی ہے۔ عباس ٹاؤن آنے جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔ دھرنا مظاہرین کو اٹھانے کے لیے پولیس کی طرف سے طاقت کا استعمال کیا گیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔

سفاری پارک کےقریب دھرنے کے باعث کراچی یونیورسٹی سےنیپا جانے والی سڑک بند ہے، نیپا سےکراچی یونیورسٹی جانے والی سڑک پر ٹریفک ڈبل چلایا جا رہا ہے۔

ایم اے جناح روڈ نمائش سگنل سےگرومندر کی سڑک کھول دی گئی ہے تاہم صدر سے نمائش آنے والا روڈ بند ہے، نمائش سگنل پرپولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ پر امن دھرنوں کے خلاف نہیں، پارہ چنار مسئلے کا حل خیبر پختونخوا میں ہی ہونا ہے، پارہ چنار کے معاملے پر سندھ حکومت نے بھی کردار ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ٹھٹہ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں 12 جگہوں پر دھرنے دیے گئے تھے، اب کراچی میں 4 جگہ پر دھرنے ہو رہے ہیں، ہمیں یہ دیکھنا ہےکہ لوگوں کی تکلیف کو کیسے ختم کریں، جو دھرنے باقی ہیں وہ بھی بات چیت کرکے ختم کردیں گے۔

مزید خبریں :