31 دسمبر ، 2024
وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری پر بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے لیکن ابھی تک سعودی عرب سے کوئی بات نہ حتمی ہوئی نہ ہی کابینہ سے کوئی منظوری ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک کا کہنا تھاکہ ابھی سعودی عرب سے ریکوڈک کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور ریکوڈک پر سعودی عرب سے ڈیل سے متعلق باتیں درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بھی ایسی کوئی منظوری بھی نہیں دی، ہماری اس حوالے سے سعودی عرب سے بات چیت ضرور ہو رہی ہے اور سعودی عرب سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری پر بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے لیکن ابھی تک سعودی عرب سے کوئی بات نہ حتمی ہوئی نہ ہی کابینہ سے کوئی منظوری ہوئی۔
ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب کو ریکوڈک کے شیئرز کی فیصد کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی، اگلے سال سعودی عرب سے ریکوڈک کے شیئرز کے حوالے سے ڈیل ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ سستی گیس جہاں سے ملی ہم لیں گے، میں نے کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف مہم شروع کی، گیس سے بجلی بنانے والے 13 روپےکی بناتے اور نیشنل گرڈ کو 40 سے 50 روپے میں بیچتے، میں نے کیپٹو پاور پلانٹس کے اس معاملے پر وزیر اعظم کو بھی آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی کابینہ نے 540 ملین ڈالرز میں 15فیصد شیئرز فروخت کرنے کی توثیق کر دی اور سعودی عرب کو شیئرز بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ کے تحت براہ راست فروخت ہونگے۔