04 جنوری ، 2025
ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو آئندہ 10 سال میں 20 ارب ڈالر قرض ملےگا۔
ذرائع وزار ت اقتصادی امور کے مطابق ورلڈبینک پاکستان کو 10 سال میں 20 ارب ڈالر قرض دے گا۔ 14جنوری کو ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے قرض کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع وزار ت اقتصادی امور کے مطابق قرض منظوری کے بعد ورلڈ بینک کے نائب صدر مارٹن ریسر کا اسلام آباد کا دورہ بھی متوقع ہے۔
ذرائع وزار ت اقتصادی امور کا کہنا ہےکہ قرض پروگرام کے تحت 10 سال کے اہداف طے کیےگئے ہیں۔ قرض کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 35-2025 کے تحت دیا جائےگا۔ 10سالہ قرض پروگرام کا مقصد سب سے زیادہ نظرانداز اہم شعبوں کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق قرض کے تحت منصوبوں کو سیاسی تبدیلیوں سے محفوظ رکھا جائےگا۔عالمی بینک کے 2 ذیلی ادارے مزید 20 ارب ڈالر کے نجی قرضوں کے حصول میں بھی معاونت کریں گے۔ مزید 20 ارب ڈالر سے مجموعی پیکج 40 ارب ڈالر تک پہنچ جائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قرض صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم شعبوں پر خرچ ہوگا۔