05 جنوری ، 2025
امریکی سرجن جنرل نے الکحل کی بوتلوں پر کینسر میں مبتلا ہونے کے خطرے سے آگاہی وارننگ لیبلز لگانے کی سفارش کردی۔
الکحل کی تمام اقسام سے کینسر ہونے کا خطرہ موجود ہے، اسے فروخت کرنے والوں کو وارننگ کے لیبل لگانا ہوں گے۔
ڈاکٹر وویک مرتھی نے کہا ہے کہ جامع سائنٹفک ثبوت سامنے آچکا ہے کہ الکحل کینسر کا سبب بن رہا ہے جس کا امریکی عوام کو علم نہیں ہے، بطور سرجن جنرل امریکی عوام کو اس خطرے سے آگاہ رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔
امریکا میں الکحل کی فروخت کے لیے لازم ہیلتھ وارننگ لیبل 1987 سے اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے جس میں صرف حاملہ خواتین کے لیے الکحل کے استعمال کی ممانعت درج ہوتی ہے۔
سرجن جنرل کی اس سفارش پر عمل درآمد کے لیے امریکی کانگریس سے منظوری لینا ضروری ہے، امریکی ایسوسی ایشن فار کینسر ریسرچ کے مطابق الکحل کا استعمال چھاتی، معدے، جگر اور بڑی آنت کے کینسر سمیت چھ اقسام کے کینسر کا سبب بن رہا ہے۔
دنیا کے صرف 25 فیصد ممالک الکحل پر صحت کی وارننگ لازمی قرار دیتے ہیں، جبکہ جنوبی کوریا واحد ملک ہے جہاں الکحل پر جگر کے کینسر کے انتباہی لیبل لگے ہوتے ہیں۔