06 جنوری ، 2025
ویسے تو آج کل روبوٹس کی تیاری پر کافی کام کیا جا رہا ہے مگر آپ نے کبھی بھی میرومی نامی انوکھا روبوٹ نہیں دیکھا ہوگا۔
جاپانی کمپنی Yukai Engineering نے یہ منفرد روبوٹ تیار کیا ہے جو کسی شرمیلے بچے جیسی نقل کرتا ہے۔
اپنے سنسرز استعمال کرکے وہ اپنے اردگرد موجود افراد اور اشیا کو شناخت کرکے شرما کر منہ پھیر لیتا ہے۔
جی ہاں واقعی اگر کوئی فرد اس کو چھولے یا اس کے قریب چلا جائے تو وہ اپنا سر گھما لیتا ہے۔
یعنی یہ بہت شرمیلا روبوٹ ہے جو اپنے قریب کسی کو محسوس کرکے اپنا منہ چھپا لیتا ہے۔
لاس ویگاس میں جاری کنریومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر اس روبوٹ کو پیش کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق اسے 2025 کے وسط میں کسی وقت فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جو گلابی اور گرے رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
اچھی بات یہ ہے کہ اس کی قیمت زیادہ نہیں صرف 70 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
یہ روبوٹ چلنے کی صلاحیت نہیں رکھتا بس اپنے سر کو ہی تھوڑا سا گھما سکتا ہے مگر آپ کو حرکت کرتے دیکھنے کے لیے اسے کسی بیک یا پرس سے منسلک کرنا ہوگا۔
مگر جب آپ پرس یا بیگ کے قریب پہنچتے ہیں تو وہ اپنا سر دوسری جانب گھما لیتا ہے۔
اگر آپ اسے چھوتے ہیں تو اپنے سر کو ایسے حرکت دیتا ہے جیسے انکار میں سر ہلا رہا ہو۔
اگر کوئی فرد کچھ دیر تک اس سے دور رہے تو وہ پھر اپنا سر اردگرد گھمانے لگتا ہے۔