Time 02 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

زمبابوے: شیروں سے بھرے جنگل میں گم ہونے والا 8 سالہ بچہ 5 روز بعد مل گیا

زمبابوے: شیروں سے بھرے جنگل میں گم ہونے والا 8 سالہ بچہ 5 روز  بعد مل گیا
فوٹو: ایکس

شمالی زمبابوے میں شیر اور ہاتھیوں سے بھرے خطرناک ماتو سادونا گیم پارک میں گم ہونے والا 8 سالہ بچہ 5 روز بعد مل گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 8 سالہ ٹینو ٹینڈا پڈو گھومتے پھرتے اپنے گھر سے تقریباً 23 کلومیٹر دور خطرناک جنگل میں جا پہنچا۔ 

مقامی رکن پارلیمنٹ موٹسا مورومبیدزی کے مطابق یہ بچہ 5 دن تک چٹانوں پر سویا اور بھوک لگنے پر اس نے جنگلی پھل کھائے، اس دوران یہ شیروں کی دھاڑ بھی سنتا رہا اور اس کے پاس سے ہاتھی بھی گزرتے رہے۔

خیال رہے کہ ماتو سادونا گیم پارک تقریباً 40 شیروں کا مسکن ہے اور ماضی میں یہ افریقا میں شیروں کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے علاقوں میں شامل تھا۔

مقامی رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ بچے نے جنگل میں زندہ رہنے کے لیے اپنے علاقے میں سکھائی جانے والی مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی جان بچائی، وہ بھوک لگنے پر جنگلی پھل کھاتا اور خشک ہوچکی ندیوں کی سطح کو کھود کر پانی حاصل کرتا رہا۔

مقامی لوگوں نے بچے کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی، جو ہر روز ڈھول پیٹ کر اسے واپس لانے کی کوشش کرتی رہی لیکن بالآخر پارک کے محافظوں نے بچے کو تلاش کرلیا۔

اپنی گمشدگی کے پانچویں دن بچے نے محافظوں کی گاڑی کی آواز سنی اور اس کی طرف دوڑا لیکن وہ بروقت گاڑی تک نہ پہنچ سکا، خوش قسمتی سے پارک کے محافظ واپس آئے تو انہیں بچےکے پیروں کے تازہ نشان نظر آئے اور وہ ان کا پیچھا کرتے ہوئے بچے تک پہنچ گئے۔

مزید خبریں :