10 جنوری ، 2025
دبئی کو حیرت انگیز تعمیراتی منصوبوں کے لیے جانا جاتا ہے جیسے وہاں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ موجود ہے جبکہ دوسری بلند ترین عمارت کی تعمیر بھی شروع ہوچکی ہے۔
مگر اب وہاں ایک ایسا تعمیراتی عجوبہ تعمیر ہو رہا ہے جو دنگ کر دینے والا ہے۔
دبئی میں 591 فٹ بلند 2 ایسی عمارات کو تعمیر کیا جا رہا ہے جو ایک دنگ کر دینے والے 'اسکائی پول'کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہوں گی۔
مگر 43 فٹ لمبے اس انفٹنی پول تک رسائی عام افراد کو حاصل نہیں ہوگی، بلکہ ان دونوں عمارات میں رہنے والے بیشتر افراد بھی وہاں نہیں پہنچ سکیں گے۔
درحقیقت دونوں عمارات کا وہ حصہ ایک الٹرا لگژری پینٹ ہاؤس قرار دیا جائے گا۔
ان دونوں عمارات کی تعمیر 2027 تک مکمل ہونے کا امکان ہے اور تعمیراتی خرچے کی لاگت ایک ارب ڈالرز لگائی گئی ہے۔
سب سے اوپر موجود پینٹ ہاؤس 35 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوگا جس میں 6 سونے کے کمرے، ایک جم اور وہاں رہنے والے کی اپنی نجی لفٹ ہوگی۔
ان عمارات کے دیگر اپارٹمنس کا رقبہ 6500 اسکوائر فٹ ہوگا یعنی ہر منزل پر ایک فلیٹ ہوگا۔
وہاں رہنے والوں کو اسکائی پول کے نظارے سے محروم ہونے کی فکر نہیں ہوگی کیونکہ تمام اپارٹمنس کا اپنا نجی سوئمنگ ٹیرس ہوگا جبکہ انہیں 82 فٹ بڑے انڈور لیپ پول تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔
اس عمارت کے مختلف تصویری خاکے جاری کیے گئے ہیں اور دونوں ٹاور کا ڈیزائن کافی منفرد ہے۔
اسے تعمیر کرنے والی کمپنی نے الٹرا لگژری پینٹ ہاؤس کی قیمت بتانے سے گریز کیا مگر دیگر ہر اپارٹمنٹ کی قیمت ایک کروڑ ڈالرز سے شروع ہوگی۔
درحقیقت کمپنی نے تو اسے دبئی کے سر کا تاج قرار دیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹاور دیکھنے میں ایک جیسے نہیں ہوں گے بلکہ دونوں کچھ حد تک مختلف نظر آئیں گے۔