Time 10 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

بظاہر عام نظر آنے والی اس ٹوپی کی منفرد خصوصیت آپ کو حیران کر دے گی

بظاہر عام نظر آنے والی اس ٹوپی کی منفرد خصوصیت آپ کو حیران کر دے گی
یہ کوئی عام ٹوپی نہیں / فوٹو بشکریہ ایکو پاور

اوپر موجود ہیٹ یا ٹوپی کو دیکھیں، آپ کے خیال میں اس میں کیا خاص ہوسکتا ہے۔

یقین کرنا مشکل ہوگا کہ یہ ٹوپی ایسا کچھ کرسکتی ہے جس کا آپ نے کبھی خیال بھی نہیں کیا ہوگا۔

اس سے آپ اپنے اسمارٹ فون یا اسمارٹ واچ کو چارج کرسکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی یہ سولر پاور سے لیس ٹوپی ہے اور سورج کی روشنی کو اپنے اندر جذب کرکے توانائی جمع کرتی ہے۔

ایکو فلو ہیٹ نامی یہ منفرد ڈیوائس لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر پیش کی گئی۔

ویسے تو سولر پاور کا استعمال اب عام ہوتا جا رہا ہے مگر ملبوسات میں ایسا بہت کم دیکھنے میں آتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اسے تیار کرنے والی کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ماحول دوست ٹوپی بجلی کی معمولی بچت میں مدد فراہم کرسکے گی۔

مثال کے طور پر آپ موسم گرما میں کہیں باہر گھوم رہے ہیں مگر اپنا چارجر گھر بھول آئے ہیں تو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

بظاہر عام نظر آنے والی اس ٹوپی کی منفرد خصوصیت آپ کو حیران کر دے گی
اس کو آپ فولڈ کرکے جیب میں بھی رکھ سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ ایکو پاور

ایکو فلو پاور ہیٹ اس مشکل میں آپ کو مدد فراہم کرے گا۔

ایکو فلو کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے ذریعے آپ اپنے فون کو چلتے پھرتے چند گھنٹوں میں مکمل چارج کرسکتے ہیں۔

اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو واقعی یہ ڈیوائس متاثر کن ثابت ہوگی۔

اس ٹوپی میں متعدد چھوٹے سولر پینلز نصب ہیں جو ہر طرف سے آنے والی سورج کی روشنی سے توانائی جذب کرتے ہیں۔

اس ٹوپی کو فولڈ ایبل ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے تاکہ آپ اسے پیک کرسکیں گے کیونکہ شام یا رات میں ہوسکتا ہے کہ آپ اسے پہننا پسند نہ کریں۔

بظاہر عام نظر آنے والی اس ٹوپی کی منفرد خصوصیت آپ کو حیران کر دے گی
اس سے آپ فون اور اسمارٹ واچ وغیرہ چارج کرسکتے ہیں / فوٹو بشکریہ ایکو پاور

تو اسے فولڈ کرکے آپ جیب میں رکھ سکتے ہیں جبکہ وہ ٹوپی خراب بھی نہیں ہوگی۔

کمپنی کے مطابق ٹوپی کے ڈیزائن میں یہ خیال رکھا گیا ہے کہ سر کی حرارت مؤثر طریقے سے خارج ہو تاکہ اسے پہننے سے ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔

اس ٹوپی کی قیمت 129 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش بھی کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :