11 جنوری ، 2025
جرمنی میں ملازمین کی جانب سے بیماریوں کی طویل رخصت سے تنگ کمپنیوں نے تحقیقات کے لیے پرائیوٹ جاسوس رکھنا شروع کردیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پرائیوٹ جاسوس رکھنے کا مقصد بڑھتے معاشی چیلنجز میں ایسے ملازمین کی شناخت کرنا ہے جو بیماری کا بہانہ بنا کر بہت چھٹیاں کرتے ہیں۔
جاسوسوں کا کام ہے کہ وہ بیماری کی رخصت پر بار بار جانے والےکمپنی کے ایسے ملازمین کے بارے میں جانچ کریں کہ آیا وہ سچ میں بیمار ہیں یا انہوں نے صرف چھٹی لینےکے لیے بہانہ کیا ہے۔
فرینکفرٹ میں واقع ایک نجی جاسوس فرم کے مالک نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ ان کی فرم سالانہ 1200 کے قریب کیسز دیکھتی ہے، یہ تعداد گزشتہ چند سالوں کے مقابلے میں دگنی ہے۔
جرمن وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2023 کے درمیان ملازمین کی جانب سے بیماری کی چھٹیاں لینے میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جرمنی کے قانون کے مطابق ہر ملازم بیمار ہونے پر سال میں 6 ہفتے کی چھٹیاں لے سکتا ہے جس پر ملازم تنخواہ سمیت ہیلتھ انشورنس کی سہولت کا بھی حقدار ہوتا ہے۔ اسی لیے جرمن کمپنیوں میں جاسوسی کروانے کا رجحان بڑھ رہا ہے حالانکہ جاسوسی فرم بھی کافی زیادہ فیس وصول کرتی ہیں۔