02 مارچ ، 2013
کراچی… کراچی کے ساحل پر آج کل خوش رنگ پھولوں کا بسیرا ہے اور ہو بھی کیوں نہ، جیونیوز کے اشتراک سے ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان کی باسٹھ ویں پھولوں کی نمائش کاآج تیسرا روز جو شروع ہونے لگا ہے ، آج بھی یہ پھول اور ان سے مہکتی خوشبو لوگوں کو پوری طرح سے اپنے سحر میں جکڑنے کے لئے تیار ہیں۔ کراچی کے ساحل پر سجے یہ رنگ برنگے پھول لوگوں کو اپنی جانب مبذول کر رہے ہیں، دلفریب رنگوں کی بہار ہر جانب اپنی خوشبو بکھیر رہی ہے، دو روز قبل شروع ہونے والی یہ نمائش اپنی پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ نمائش میں آنے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی کے کشیدہ حالات میں رنگ برنگے پھولوں کی یہ نمائش شہریوں کے لیے بہار کے تحفے سے کم نہیں۔نمائش میں آنے والوں میں خواتین، مرد اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ پھولوں کی اس نمائش میں کئی ایسی اقسام بھی رکھی گئیں ہیں جو کراچی میں پائی ہی نہیں جاتیں اور ایسی ہی اقسام کو دیکھنے اور اس روح افزاء نمائش سے محظوظ ہونے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ کراچی کے ساحل کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ نمائش تین مارچ بروز اتوار تک جاری رہے گی۔