02 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔ راجہ پرویزاشرف کا کہنا ہے کہ جمہوری حکومت عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ نہیں ڈالے گی۔وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے احکامات کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حالیہ اضافہ واپس ہو جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 28فروری کی سطح پر واپس آ جائیں گی جس کے تحت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 103 روپے07پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 109روپے21پیسے فی لٹر، مٹی کا تیل قیمت 99روپے90پیسے ہو گی۔گذشتہ رات صدر آصف علی زرداری وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ملاقات میں موجود وفاقی وزراء نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غلط فیصلہ قرار دیا تھا، انہوں نے سخت عوامی ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے آج صبح وزیر خزانہ سلیم مانڈی والا کو طلب کیا اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس لینے پر مشاورت کی، جس کے بعدپٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ واپس لینے کاحکم جاری کیاگیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔ عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے پر شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے واک آوٴٹ بھی کیا۔