Time 27 جنوری ، 2025
کھیل

بھارتی بیٹر نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا

بھارتی بیٹر نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا
تلک ورما نے یہ کارنامہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سر انجام دیا —فوٹو: سوشل میڈیا 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر تلک ورما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں منفرد ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

بھارت نے ہفتے کو چنئی میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی۔

بھارت نے انگلینڈ کا 166 رنز کا ہدف تلک ورما کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آخری اوور میں پورا کیا۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر تلک ورما نے 55 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو  انگلینڈکے خلاف سیریز میں 0-2 کی برتری دلا دی۔

تلک ورما نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 72 رنز ناٹ آؤٹ اننگز  کی بدولت ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں منفرد ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔

تلک ورما ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں زیادہ سے زیادہ اننگز میں بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔

انہوں نے گزشتہ 4 اننگز میں بغیر آؤٹ ہوئے مجموعی طور پر 318 رنز اسکور کیے جس میں 2 شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔

تلک ورما کی گزشتہ 4 ٹی ٹوئنٹی اننگز کا اسکور کچھ یوں  (72، 19، 120، 107)  ہے، ان تمام اننگز میں وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کی زیادہ سے زیادہ اننگز میں بغیر آؤٹ ہوئے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کے پاس تھا جنہوں نے 2023 میں بغیر آؤٹ ہوئے مجموعی طور پر 271 رنز بنائے تھے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی منگل کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :