پاکستان
01 مارچ ، 2012

کراچی:ملزمان نے مسجد کا تالا توڑ کر چندے کی رقم لوٹ لی

کراچی:ملزمان نے مسجد کا تالا توڑ کر چندے کی رقم لوٹ لی

کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2میں نامعلوم ملزمان نے جامع مسجد کے تالے توڑ کر تجوری سے چندے کی رقم لوٹ لی، مسجد کمیٹی کے خدمات گار محمد حنیف کے مطابق آج صبح سویرے نمازِ فجر کیلئے اٹھا تو مسجد کی جنازہ گاہ کا عقبی گیٹ کھلا ہواتھا، چندے کی پیٹی کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے جس پر اس نے مسجد کی کمیٹی کے ارکان کو آگاہ کیا۔ تفصیلات مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان مسجد کے عقب میں جنازہ گاہ کے گیٹ کے تالے توڑ کر مسجد میں داخل ہوئے جوعقبی مینار کے راستے چھت پر آئے جہاں سے سیڑھی کے ذریعے صحن میں اترے، صحن کے وسط میں رکھی ہوئی چندے کی پیٹی کی سیلیں اور تالے توڑ کر رقم لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔ کمیٹی کے اراکین کے مطابق اگرچہ واردات میں مسجد کی بڑی رقم لٹنے سے بچ گئی کیوں کہ ایک ماہ بعد ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو چندے کی پیٹی کھولی جاتی ہے کسی وجہ سے مسجد کمیٹی نے گزشتہ روز مہینے کی آخری تاریخ کو پیٹیاں کھول کر چندے کی رقم نکال لی تھی، تاہم اس واردات کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، فیروز آباد پولیس کے مطابق انہیں واردات کی اطلاع نہیں ملی، انتظامیہ نے اپنے طور پر ہی مسجد کی پیٹی اور تمام عقبی دروازوں پر نئے تالے لگا دیے ہیں۔

مزید خبریں :