29 جنوری ، 2025
پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کے وفدکے سربراہ و ٹرمپ خاندان کےقریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ میراخیال ہے رچرڈ گرینل کوڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا تھا اور رچرڈ گرینل نے جو بات کی وہ پاکستان سے متعلق اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہیا، اب پاکستان کے بارے میں پہلے سے زیادہ بہتر انڈراسٹینڈنگ ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں جینٹری بیچ کا کہناتھاکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پرمحیط ہیں، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے 4 سال جو کچھ پاکستان کےساتھ کیا وہ مناسب نہیں تھا، دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتاہے، امریکی سرمایہ کار مصنوعی ذہانت، ریئل اسٹیٹ اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے خواہشمندہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ ہم آہنگ ہے، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آیا ہے، صدر ٹرمپ اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔
جینٹری بیچ کا کہناتھاکہ ماضی میں امریکی عوام کوپاکستان کی حقیقی تصویرنہیں دکھائی گئی، میراخیال ہے رچرڈ گرینل کوڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا اور رچرڈ گرینل نے جو بات کی وہ پاکستان سے متعلق اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہی۔
ان کا کہنا تھاکہ رچرڈ گرینل کی اب پاکستان کے بارے میں پہلے سے بہتر انڈراسٹینڈنگ ہے، مجھے رچرڈ گرینل نے خود بتایا کہ اسے ڈیپ فیک اے آئی والی پرزینٹیشنز دی گئی تھیں، میں یہاں سابق وزیراعظم کے معاملے پر بات کرنے کیلئے نہیں آیا ہوں، ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو احترام کے نظر سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رچرڈگرینل کوپاکستان کی موجودہ صورتحال کاآج زیادہ بہترادراک ہوگیا ہوگا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دیں، امریکا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتاہے اور امریکا پاکستان کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے، امریکی انتظامیہ پاکستانی قیادت کا احترام کرتی ہے۔
ان کا کہناتھاکہ چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی پاکستان لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت کا ڈھانچا کھڑا ہوجاتا ہے، آئل اورگیس سیکٹر میں پاکستان میں کم توجہ دی گئی۔
گزشتہ دنوں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر رچرڈ گرینل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور ٹوئٹ کی تھی۔