29 جنوری ، 2025
کوپن ہیگن: امریکا میں شامل ہونے یا نا ہونے سے متعلق گرین لینڈ کے شہریوں کی رائے سامنے آگئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھانے سے قبل اور اس کے بعد بھی ڈنمارک کے خودمختار علاقے گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے ہیں اور اس کے لیے سخت ٹیرف عائد کرنے اور طاقت کا استعمال کرنے کا امکان بھی ظاہر کرچکے ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ اس خطے میں معدنیات اور تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک حالیہ سروے میں امریکا کے ساتھ شامل ہونے کے حوالے سے گرین لینڈ میں رہنے والوں سے ان کی رائے پوچھی گئی۔
سروے میں گرین لینڈ کے رہائشیوں کی غالب اکثریت یعنی 85 فیصد نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ شامل نہیں ہونا چاہتے۔
6 فیصد رہائشیوں نے امریکا میں شامل ہونے کی حمایت کی جبکہ 9 فیصد نے اس حوالے سے کوئی رائے ظاہر نہیں کی۔
سروے کے نتائج میں بتایا گیا کہ گرین لینڈ کے 45 فیصد رہائشی اس خطے میں صدر ٹرمپ کی دلچسپی کو خطرہ سمجھتے ہیں جبکہ 43 فیصد اسے ایک موقع سمجھتے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈنمارک کے اس خودمختار خطے کی کل آبادی 57 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔