03 مارچ ، 2013
اسلام آباد…کیا وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا وزیر اعظم کا حکم وزارت پیٹرولیم تک نہیں پہنچایا ؟مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کہتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے متعلق وزیر اعظم کی کوئی ہدایت نہیں ملی ، جب ملے گی تو قیمتیں کم کر دینگے ۔گزشتہ روز وزیر اعظم ہاوٴس سے جاری اعلامیئے میں بڑا واضح طور پر تحریر ہے کہ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا حکم دیا ہے ، وزیر اعظم کے اس حکم پر عمل درآمد کے حوالے ابھی تک کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی اور عوام مہنگا پیٹرول خریدینے پر مجبور ہیں ، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کیلئے وزیر اعظم کی کوئی ہدایت نہیں ملی ، جب ملے گی قیمتیں کم کر دینگے مشیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے متعلق وزیر اعظم کی ہدایات میڈیا کے ذریعے ان تک پہنچیں ، اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈویوالا نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں ردو بدل وزارت خزانہ نہیں وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کرتے ہیں ، انہیں وزیر اعظم کے حکم کے تحت ایکشن لینا چاہیے تھا ، وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی درکار تھی تو وزارت پیٹرولیم کو چاہیے تھا کہ وزارت خزانہ کو لکھتے جس پر وزارت خزانہ فوری عمل کرتی ۔