01 مارچ ، 2012
لاہور… پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہاہے کہ بلوچستان پاکستان کے جسم پر بہت بڑا زخم ہے جس سے خون رس رہا ہے۔ اگر بہترین دوائی اور انٹی بائیوٹک نہ دی گئی تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔اس لئے وقت ضائع کئے بغیر بلوچستان کی جانب توجہ دینی چاہئیے اور اس کے لئے بھرپور آواز اٹھانا چاہیے۔ پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ اکبر بگٹی کو بغیر کسی وجہ کے قتل کیا گیا، بلوچستان کا مسئلہ کسی اے پی سی، سی پی اے ،پی سی ایسے حل نہیں ہوگا اب بلوچوں کے ساتھ انصاف کی بات کرناہوگی۔ شہبازشریف نے کہاکہ اسپیکر وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرکے بلوچستان کے لئے بھرپور متفقہ قرار داد لائیں اور جس بھیانک دور میں بلوچستان پر چڑھائی کی گئی اس کی بھرپور مذمت کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہیئے۔ بلوچوں کے پاوٴں بھی پڑنا پڑے تو پڑیں گے اور پاکستان کو بچائیں گے۔ پنجاب کے عوام پاکستان کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے:شہبازشریف نے کہا کہ بلوچستان میں صرف کاغذی کارروائی اور زبانی جمع خرچ ہوتا رہا بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف پنجاب توانا آواز اٹھائے گا جب تک بلوچوں کے گلے شکوے دور نہیں کئے جاتے پنجاب کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔