03 مارچ ، 2013
اسلام آباد…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور بھتیجے کو بے دردی سے قتل کیا گیا لیکن انھوں نے اسٹیبلشمنٹ سے ڈر کر خاموشی اختیار نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں سازش کے تحت مہاجروں اور پختونوں کو لڑایا گیا۔ کشمیر ہاوٴس اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے نمائندہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ جاگیردارانہ اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد میں ان کے 15 ہزار ساتھی شہید اور زخمی ہوئے۔ کراچی میں مسلح گینگ بنا کر انھیں لوٹ مار کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر ان سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ پختون بھائیوں سے معافی مانگتے ہیں،مہاجر اور پختون آج عہد کر لیں کہ اب وہ آپس میں نہیں لڑیں گے۔الطاف حسین نے کہا کہ صوبہ سرحد کا نام ایم کیو ایم کے مطالبے پر تبدیل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے کامیاب کنونشن کے بعد خیبر پختونخوا میں ایم کیو ایم کی تنظیم سازی کا سلسلہ تیز کر دیا جائے گا۔