04 مارچ ، 2013
کراچی…عباس ٹاؤن دھماکے کے خلاف جعفریہ الائنس آج ہڑتال اور ایم کیوایم ، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں نے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیراعلٰی سندھ کی ہدایت پرواقعے کے خلاف قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ عباس ٹاوٴن میں ہونے والے دھماکے کے خلاف جعفریہ الائنس آج ہڑتال کررہی ہے، جبکہ واقعے کے خلاف حکومت سندھ ، ایم کیو ایم ، اے این پی، مسلم لیگ ن سندھ اور مسلم لیگ فنکشنل نے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل اور تحفظ عزاداری کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آل کراچی تاجر اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کاروبار بند اور گاڑیاں نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔گڈز ٹرانسپورٹ کراچی سے ملک بھر میں سامان کی ترسیل اور انٹر سٹی چلنے والی بسیں سروس بھی بند ہوں گی۔ شہر میں تمام سرکاری ، پرائیوٹ اورکتھولک بورڈ آف ایجوکیشن نے اسکول اور کالجز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر سندھ نے بھی تمام نجی اور سرکاری جامعات بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔وفاق کے تحت چلنے والی وفاقی اردو یونیورسٹی بھی بند ہوگی۔ سندھ بار کونسل کی جانب سے سندھ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا، جبکہ دوسری جانب وزیراعلٰی سندھ نے واقعے کے خلاف یوم سوگ اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اسپیکر سندھ اسمبلی نے وزیراعلٰی سندھ کی درخواست پر اجلاس بدھ، چھ مارچ تک ملتوی کردیا ہے۔