07 فروری ، 2025
خیبرپختونخوا میں پولیس سمیت سرکاری اہلکاروں کی سیاسی اجتماع اور جلسوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔
متعدد اضلاع، محکمہ جات کی انتظامیہ نے پولیس سمیت سرکاری اہلکاروں کی سیاسی اجتماع اور جلسوں میں شرکت پر پابندی کے نوٹی فکیشن جاری کردیے ہیں۔
نوٹی فکیشن سوات،ملاکنڈ، دیر، بونیر سمیت مختلف اضلاع کے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ صوبے کی کئی جامعات نے بھی کسی سیاسی اجتماع میں شرکت پرپابندی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
صوبے کی پولیس کو جلسے جلوسوں میں شرکت، سہولت کاری سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر پی ٹی آئی کور کمیٹی کے متعدد ارکان نے خیبرپختونخوا حکومت اور محکموں کے نوٹی فکیشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا ہے کہ یہ بے بنیاد ہے، اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، میں جلسے کو ہمیشہ کی طرح لیڈ کروں گا اور بھرپور شرکت ہو گی، اس طرح کی سب باتیں بے بنیاد ہیں، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔