11 فروری ، 2025
کراچی: گارڈن تھانے کی لیڈی پولیس کانسٹیبل کو ساتھی ملازمین پر ہراساں کرنے کے الزامات کو جھوٹا قرار دے کر خاتون کو برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گارڈن تھانے کی لیڈی کانسٹیبل نے 2 پولیس ملازمین پرہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا اور لیڈی کانسٹیبل نے آئی جی سندھ کے شکایتی سیل کو براہ راست درخواست بھیجی تھی۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق خاتون اہلکارکے الزامات پر ڈی ایس پی گارڈن نے تحقیقات کیں اور اس دوران تمام لیڈی کانسٹیبلز نے ساتھی اہلکار کے الزامات کو غلط قرار دیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ انکوائری رپورٹ کے بعد لیڈی پولیس اہلکار کو نوکری سے برخاست کیا گیا جب کہ خاتون اہلکار کی مدد کرنے والے سب انسپکٹر کے عہدے میں تنزلی اور تبادلہ کردیا گیا گیا ہے۔
دوسری جانب برطرف لیڈی کانسٹیبل کا کہنا ہےکہ انکوائری رپورٹ اور برطرفی کے احکامات میرے ساتھ ناانصافی ہے انہیں چیلنج کروں گی۔