Time 13 فروری ، 2025
دنیا

'ممی پاپا مجھے معاف کردیں'، یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں فیل ہونے پر طالبہ نے خودکشی کرلی

ممی پاپا مجھے معاف کردیں، یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں فیل ہونے پر طالبہ نے خودکشی کرلی
ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ ادیتی مشرا انجینئرنگ کی طالبہ تھی، جو جی ای ای(جوائنٹ انٹرینس امتحانات) میں فیل ہوگئی تھی/ فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت میں انجینئرنگ کی طالبہ نے امتحان میں فیل ہونے پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والی  18 سالہ ادیتی مشرا انجینئرنگ کی طالبہ تھی، جو جی ای ای(جوائنٹ انٹرینس امتحانات)  یعنی انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ہونے والے ٹیسٹ میں فیل ہوگئی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ادیتی مشرا اس امتحان کیلئے پچھلے 2 سال سے تیاری کر رہی تھی اور ایک ہاسٹل میں مقیم تھی، ادیتی فیل ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئی اور اس نے خودکشی جیسا سنگین قدم اٹھایا۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادیتی نے فیل ہونے کے بعد اپنے والدین سے موبائل فون پر بات کی، اس کی روم میٹ کمرے میں موجود نہیں تھی کہ اسی دوران ادیتی نے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

روم میٹ نے کمرے کا دروازہ بند پایا، کمرے میں جھانک کر دیکھا تو ادیتی نے خود کو پھندا لگایا ہوا تھا جس پر اس نے فوری ہاسٹل کی انتظامیہ کو اطلاع دی اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

کمرے کی تلاشی لینے پر پولیس نے ایک نوٹ دریافت کیا جس میں ادیتی نے اپنے والدین سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ' سوری ممی پاپا، مجھے معاف کردیں، میں امتحان پاس نہیں کر سکی، یہ ہمارے رشتے کا خاتمہ تھا،  آپ لوگ رونا نہیں، آپ لوگوں نے مجھے بہت پیار دیا، میں آپ کے خواب پورے نہیں کر سکی، آپ لوگ پلیز چھوٹی کا خیال رکھنا، وہ ضرور آپ کے خواب پورے کرے گی، آپ کی پیاری بیٹی ادیتی۔'

پولیس کے مطابق ادیتی کے گھر والوں کو بیٹی کی موت کی اطلاع دے کر لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید خبریں :