05 مارچ ، 2013
کراچی....دہشت گردی کے شکارافراد کی میتیں آبائی علاقے منتقل کردی گئیں، جاں بحق ہونے والے افراد کی خیرپور، اسلام آباد اور پشاور میں جنازے، تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ عباس ٹاون میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کی میتوں کو شناخت کے بعد آبائی علاقوں میں منتقل کردیا گیا۔سانحہ کراچی میں جان گنوانے والوں میں 18 سالہ محمد حسین اور 20 سالہ سید احمد شاہ بھی شامل ہیں جو اسکردو کے رہائشی تھے۔دونوں کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی جس کی امامت مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس کی۔بدترین دہشت گردی کے ایک شکار سید عابد حسین بھی ہیں۔عابد حسین کی نماز جنازہ پشاور کے حسینیہ ہال میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ رشتہ داروں کے مطابق مرحوم اسٹیٹ بینک کے ملازم تھے جو ریٹائرمنٹ کے بعد کراچی منتقل ہو گئے تھے۔ عباس ٹاو¿ن دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ذیشان حیدر کی میت خیرپور لقمان پہنچائی گئی تو کہرام مچ گیا۔ ذیشان حیدر کی تدفین گنج شہیداں قبرستان میں کی گئی۔۔ نمازجنازہ اورتدفین میں علمائے کرام،شہریوں اورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔