Time 18 فروری ، 2025
کھیل

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی جرسی کی رونمائی: کیا میزبان' پاکستان' کا نام درج ہے؟

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی جرسی کی رونمائی: کیا میزبان پاکستان کا نام درج ہے؟
بھارتی کرکٹ ٹیم نے پیرکو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی نئی جرسی کی رونمائی کی۔ —فوٹو: بھارتی کرکٹ بورڈ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے  بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی کی رونمائی کردی گئی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے  پیرکو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی نئی جرسی کی رونمائی کی۔ 

کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی،  رویندر جڈیجا، ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ سمیت بھارتی کرکٹرز کو نئی رنگین جرسی میں تصاویر کھنچواتے ہوئے دیکھا گیا۔

جرسی سے زیادہ جس چیز نے اپنی طرف توجہ کھینچی وہ یہ تھی کہ بھارت کی اس جرسی پر چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ملک 'پاکستان' کا نام درج ہے یا نہیں؟

کیوں کہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی کٹ پر میزبان ملک پاکستان کا نام نہیں لکھا ہوگا۔

گزشتہ دنوں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو کو شرٹ پر لگانے کے معاملے پر بھارت کی جانب سے ایک تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو لگانا لازمی ہے لیکن بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام نہیں لکھا ہوگا۔

 تاہم بعد ازاں بھارتی کرکٹ بورڈکے سیکرٹری نے تصدیق کی تھی کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے اصولوں پر عمل کرے گی اور جرسی پر چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ملک کا نام ہوگا۔

پیر کو جب آئی سی سی نے بھارتی کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کیں، جنہیں چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل آئی سی سی ایوارڈز اور ٹیم آف دی ایئر کی ٹوپیاں دی گئیں۔ ان تصاویر میں کھلاڑیوں کو نئی جرسی میں دیکھا گیا جس پر چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور میزبان ملک 'پاکستان' کا نام درج تھا۔

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی جرسی کی رونمائی: کیا میزبان پاکستان کا نام درج ہے؟
فوٹو: آئی سی سی

یہ حالیہ برسوں میں پہلا موقع ہے جب بھارت کی جرسی پر پاکستان کا نام درج ہوا ہے۔

ایشیا کپ 2023 (جس کی میزبانی پاکستان کے پاس تھی )کے موقع پر بھی بھارت نے تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی اور پھر ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام درج نہ کرنے کی منظوری دی تھی۔

آئی سی سی کے قوانین

آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام لکھا جانا چاہیے، قطع نظر اس حقیقت سے کہ میچ کہاں ہو رہے ہیں۔

واضح رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہورہا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جو کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔


مزید خبریں :