18 فروری ، 2025
دبئی میں بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں سرگرمیاں جاری ہیں اور کہیں چیمپئنز ٹرافی کے بینرز لگائے جارہے ہیں تو کہیں دبئی کے خوشگوار موسم میں کچھ کرکٹرز شاپنگ کرنے نکل گئے اور کچھ نے دوستوں کے ساتھ گپ شپ کو ترجیح دی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف میں بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، ٹورنامنٹ کھیلنے والی ٹیمز بھارت اور بنگلا دیش دبئی میں موجود ہیں۔
بھارتی ٹیم نے دو دن کی مسلسل انتھک مشقوں کے بعد آج آرام کیا اور کچھ کھلاڑیوں نے دبئی کے مختلف شاپنگ مقامات کا رخ کیا جبکہ بنگلا دیش کے پلیئرز نے دو دن کی دھواں دھار پریکٹس اور پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچ کی شکست کو بھلانے کیلئے آرام کو ترجیح دی اور دبئی میں وقتاً فوقتاً پڑنے والی بارش ( پھوار ) میں دوستوں سے گپ شپ کی، کچھ نے ہوٹل میں سوئمنگ اور بھاپ والا غسل ( sauna ) کیا۔
یاڈ رہے کہ بھارتی کھلاڑی اپنی فیملیز کے بغیر ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں لیکن کئی کھلاڑی اپنی فیملیز کیلئے شاپنگ لسٹ ساتھ لائے ہیں اور دبئی میں فیملز کی فرمائش کردہ شاپنگ بھی کی۔
بدھ کے روز دونوں ٹیمز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوبارہ پریکٹس کریں گی اور میڈیا سے گفتگو بھی کریں گی۔ اس دوران توقع ہے کہ شائقین کرکٹ بھی دونوں ٹیمز کی سپورٹ کیلئے “ ٹیمز بس “ کے قریب جمع ہوں گے۔
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے حوالے سے دبئی میں جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف ٹرافی کے خصوصی بورڈز اور بینرز نصب کر دیے گئے ہیں جو ماحول کو مزید پرجوش بنا رہے ہیں۔
بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان چمپئنز ٹرافی کا دوسرا میچ جمعرات 20 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔