Time 27 فروری ، 2025
پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان سے زیادہ اثاثے بیرون ملک ہیں: رپورٹ

وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان سے زیادہ اثاثے بیرون ملک ہیں: رپورٹ
فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان سے زیادہ اثاثے بیرون میں ملک ہیں،2024 کے الیکشن سے پہلے کاغذات نامزدگی میں جمع کروائی گئی تفصیلات سامنے آگئیں۔

2024 کے الیکشن سے پہلےکاغذات نامزدگی میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق اندرون ملک شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے اور بیرون ملک اثاثوں کی مالیت 5 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔

دی نیوز کے نمائندے قاسم عباسی کی رپورٹ کے مطابق فافن کی ویب سائٹ پر موجود اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ 2018 کے انتخابات سے پہلے بیرون ملک شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ60 لاکھ اور اندورن ملک مالیت 20 کروڑ 50 لاکھ تھی۔

رپورٹ کے مطابق 2024 کے الیکشن کے وقت صدر آصف علی زرداری کے کل اثاثوں کی مالیت 2 ارب روپے تھی جس میں بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں۔ 2018 میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق صدر زرداری کے کُل اثاثوں کی مالیت 65 کروڑ 40 لاکھ روپے تھی جس میں سے 9 کروڑ 90 لاکھ روپے کے اثاثے بیرون ملک تھے۔

فافن کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بیرون ملک 7 کروڑ 90 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ اندورن ملک ان کے اثاثوں کی مالیت7 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔

2024 کے الیکشن سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کے کُل اثاثوں کی مالیت 1.9 ارب روپے تھی جن میں سے 1.7 ارب روپے کے اثاثے بیرون ملک تھے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پاکستان میں اثاثوں کی مالیت 80 کروڑ روپے ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے پاکستان میں اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔دونوں رہنماؤں کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں۔

مزید خبریں :