Time 27 فروری ، 2025
کھیل

چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد افغان ٹیم سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتی ہے؟

چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد افغان ٹیم سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتی ہے؟
فوٹو: انٹرنیٹ

افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں انگلش ٹیم کی شکست کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کی صورتحال انتہائی دلچسپ ہوگئی ہے۔

بدھ کو افغانستان نے گروپ بی کے اہم میچ میں انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر اسے چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم آخری اوور میں 317 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی ہے،کیوں کہ ابھی تک ایک بھی ٹیم فائنل فور میں جگہ نہیں بنا سکی۔

گروپ بی کی صورتحال:

چیمپئنز ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر گروپ بی میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا 2، 2 میچز کھیل کر 3، 3 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث جنوبی افریقا پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔

آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے ،افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ اب تک کوئی پوائنٹس حاصل نہیں کر سکا۔

جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے ساتھ افغانستان کی ٹیم بھی سیمی فائنل کھیلنے کی مضبوط امیدوار بن گئی ہے۔

اس گروپ  میں جنوبی افریقا اپنا آخری میچ یکم مارچ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا آخری میچ 28 فروری کو افغانستان سے مقابلہ کرے گی۔گروپ کی 2 ٹاپ ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔

سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنےکیلئے ٹیموں کو کیا کرنا ہوگا؟

آسٹریلیا

آسٹریلیا کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سب سے آسان راستہ افغانستان کے خلاف آخری میچ جیتنا ہے۔

اگر آسٹریلیا افغانستان سے ہار جاتا ہے، تو اسے امید کرنی ہوگی کہ جنوبی افریقا انگلینڈ سے بڑے مارجن سے ہارے تاکہ جنوبی افریقا کا نیٹ رن ریٹ آسٹریلیا سے کم ہو جائے۔

جنوبی افریقا

اگر آسٹریلیا افغانستان کو ہرا دیتا ہے، تو جنوبی افریقا خودبخود سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔لیکن اگر افغانستان آسٹریلیا کو شکست دیتا ہے، تو جنوبی افریقا کو انگلینڈ کو ہرانا ہوگا۔

آسٹریلیا کی شکست کے بعد اگر جنوبی افریقا انگلینڈ سے ہار بھی جاتا ہے، تب بھی وہ سیمی فائنل میں جا سکتا ہے اگر اس کا نیٹ رن ریٹ آسٹریلیا سے زیادہ ہو۔

افغانستان 

افغانستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ 28 فروری کو آسٹریلیا کو شکست دے۔

اگر افغانستان یہ میچ ہار جاتا ہے، تو وہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو جائے گا اور آسٹریلیا اور جنوبی افریقا سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔


مزید خبریں :