28 فروری ، 2025
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر کےلوگ ڈمپرز اور ٹینکرز کا نشانہ بن رہے ہیں اور کل ایک وزیر ڈبل ڈیکر کا اعلان کررہے تھے ، پہلے سنگل تو چلا کردکھا دیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ یہ ایک دوسرے کے خلاف بیان دیتے ہیں اور نورا کشتی کرتے ہیں، یہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگ ہیں، ان کو پہلے ایم این اے شپ اور اب وزارتیں بھی دی جائیں گی، پارلیمنٹ جعلی ہے، یہ فیک ہے اس پر کوئی پیکا لگے گا؟
انہوں نے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے شہر کا بیڑا غرق کردیا ہے، شہرمیں پروجیکٹس 10،10 سال میں مکمل نہیں ہو پاتے، شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ ہے،کے فور ، ایس تھری نہیں بن رہا، 3 حکومتیں بدل گئیں گرین لائن اب تک مکمل نہیں ہوا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہر کےلوگ ڈمپرز اور ٹینکرز کا نشانہ بن رہے ہیں، کل ایک وزیر ڈبل ڈیکر کا اعلان کررہے تھے ، پہلے سنگل تو چلا کردکھا دیں، کراچی کو 15سے 17 ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم نے الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی رمضان کے بعد ملین مارچ کرے گی۔