06 مارچ ، 2013
حیدرآباد…سندھ کے مختلف شہروں میں نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور کاروباری مراکز بند کرادیئے اور ٹائر جلاکر سڑکیں بند کردیں۔ آج 4 بجے کے قریب حیدرآباد کے علاقوں ہیر آباد، ٹاور مارکیٹ اور لبرٹی چوک سمیت مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہر کے چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ کوہ نور چوک ،فوجداری روڈ اور اسٹیشن روڈ سمیت مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردی گئیں۔میرپور خاص کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے کاروباری مراکز بند کرادیئے۔ شہر کے بیش تر پیٹرول پمپ اور ٹرانسپورٹ بھی بند ہوگئی۔ سکھر میں کپڑا مارکیٹ، صرافہ بازار، نیم کی چاڑی، شاہی بازار اور فریئر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں اور بازار بند ہوگئے۔نوابشاہ اور ٹنڈو الہ یار میں بھی نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور بازار بند کرادیئے۔