Time 05 مارچ ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

سولر پاور سے چارج ہونے والا کانسیپٹ اسمارٹ فون تیار

سولر پاور سے چارج ہونے والا کانسیپٹ اسمارٹ فون تیار
موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اسے پیش کیا گیا / اسکرین شاٹ

اسمارٹ فونز کا استعمال تو لگ بھگ اب سب ہی کرتے ہیں مگر ایک مسئلے کا سامنا اکثر ہوتا ہے اور وہ بیٹری ختم ہونا ہے۔

جی ہاں اسمارٹ فونز کو روزانہ کم از کم ایک بار تو چارج کرنا ہی پڑتا ہے مگر تصور کریں ایسے فون کا جسے چارج کرنے کے لیے چارجر کی ضرورت نہ ہو، بلکہ وہ چلتے پھرتے آپ کے ہاتھوں میں چارج ہو جائے؟

ایسا فون واقعی تیار ہوگیا ہے اور ایسا سولر پاور کی بدولت ممکن ہوگا۔

بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر ایک چینی کمپنی نے سولر پینل سے لیس اسمارٹ فون کو پیش کیا۔

اس فون کے بیک پر سولر پینل نصب ہے تاکہ اسے سورج کی روشنی سے چلتے پھرتے چارج کیا جاسکے۔

کمپنی کے مطابق فی الحال یہ ایک کانسیپٹ ماڈل ہے یعنی عام افراد کو دستیاب نہیں مگر پھر بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی نے اسے سولر انرجی ریورسنگ ٹیکنالوجی کا نام دیا ہے اور اس کے لیے perovskite سولر سیلز کو استعمال کیا ہے۔

یہ سیل پتلے ہوتے ہیں جبکہ ان کی تیاری پر خرچہ بھی سیلیکون سولر سیلز کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔

سولر سیلز کے ساتھ ایک سسٹم میکسیمم پاور پوائنٹ ٹریکنگ دیا گیا ہے جو والٹیج کو کنٹرول کرتا ہے تاکہ سورج کی روشنی سے فون بہت زیادہ گرم نہ ہو۔

فون کے ساتھ سولر پاور پر مبنی کیس بھی تیار کیا گیا تاکہ چارجنگ کا عمل دوگنا تیزی سے مکمل ہوسکے۔

کمپنی کے مطابق کیس کو دن میں کسی بھی وقت سورج کی روشنی سے چارج کیا جاسکتا ہے اور رات کو باہر گھومتے ہوئے بیٹری پاور کم ہونے پر کیس کو فون چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح یہ کیس بجلی نہ ہونے کی صورت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

مزید خبریں :