پاکستان
06 مارچ ، 2013

پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کا بل سینیٹ سے منظور

پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کا بل سینیٹ سے منظور

اسلام آباد… سینیٹ نے پنجاب میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق 24 واں آئینی ترمیمی بل دو تہائی اکثریت سے منظور کر لیا، اپوزیشن احتجاج ہی کرتی رہ گئی ، ن لیگ نے واک آوٴٹ بھی کیا۔ سینیٹ میں 24 ویں آئینی ترمیم کا بل وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا۔ بل کی منظوری کی شق وار منظوری دی گئی۔بل کی حمایت میں 70 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا ۔پیپلز پارٹی ،ایاین پی ، مسلم لیگ ق ، ایم کیو ایم ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور فاٹا کے سینیٹرز نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ مسلم لیگ ن ، فنکشنل لیگ ، جمعیت علما اسلام ف ، نیشنل پارٹی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور احتجاج بھی کیا، مسلم لیگ ن کے سینیٹرز نے ایوان سے واک آوٴٹ کیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے یہ بل پاس ہو سکتا ہے، نہ ہونے دیں گے۔ بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بل کی حمایت کرنے والے سینٹرز کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، پنجاب میں نئے صوبے کے قیام سے خوشحالی آئے گی۔ سینیٹر بابر خان غوری نے کہا کہ جہاں بھی نئے صوبے کی ضرورت ہو، عوامی خواہشات کا احترام کرنا چاہیئے۔ سینیٹ نے ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی اسلام آباد اور گلوبل چینج امپیکٹ اسٹڈیز سینٹر کے قیام کا بل بھی منظور کر لیا ہے۔ سینیٹ کا اجلاس اب جمعرات کی شام 4.30 بجے ہو گا۔

مزید خبریں :