06 مارچ ، 2013
مانسہرہ…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نوجوانوں کی مدد سے مفاد پرست سیاست دانوں کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دے گی۔مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صدر زرداری اور نوازشریف نورا کشتی چھوڑ کر تحریک انصاف سے اکٹھے مقابلہ کر لیں ،شکست پھر بھی ان کا مقدر ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف موروثی سیاست سے پاک ایک نیا پاکستان بنانے جا رہی ہے جس میں امریکا پاکستانی فوج کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر سکے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ایک طرف پاکستان کا سیاسی مافیا ہوگا اور دوسری طرف نوجوان ہوں گے۔ عمران خان نے بٹ گرام اور شنکیاری میں بھی عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ موروثی سیاسی جماعتیں ہیں، ان میں ورکر کبھی اوپر نہیں آسکے گا۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر حکمرانوں کے لوٹ کھسوٹ سے بنائے گئے اثاثے عوام کے لیے وقف کردے گی۔