Time 10 فروری ، 2023
پاکستان

لاہور میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد، عدالت کا قانون سازی کا حکم

لاہور شہر میں اسموگ کے معاملے پر پہلے ہی حالات بہت خراب ہیں درخت کاٹ کر حالات مزید ابتر نہ کیے جائیں: لاہور ہائیکورٹ— فوٹو:فائل
لاہور شہر میں اسموگ کے معاملے پر پہلے ہی حالات بہت خراب ہیں درخت کاٹ کر حالات مزید ابتر نہ کیے جائیں: لاہور ہائیکورٹ— فوٹو:فائل

لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کسی بھی پروجیکٹ کے لیے آئندہ محکمہ ماحولیات درختوں کی کٹائی کی صورت میں این او سی جاری نہ کرے۔ 

عدالت نے ٹریفک کے رش والے علاقوں میں خلاف ورزی کی صورت میں ایمرجنسی نمبرز کے بورڈ آویزاں کرنے کی ہدایت کر دی۔ 

عدالت نے ہدایت کی کہ شہر میں درخت کاٹنے کو جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کی جائے، لاہور شہر میں اسموگ کے معاملے پر پہلے ہی حالات بہت خراب ہیں درخت کاٹ کر حالات مزید ابتر نہ کیے جائیں۔ 

نگران حکومت کی جانب سے اسموگ تدارک کے لیے چینی ماہرین کی خدمات کے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :