07 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی میں لیاری کے علاقے موسیٰ لین، آٹھ چوک، بغدادی ، پھول پتی لین، دبئی چوک ، چیل چوک اور لی مارکیٹ میں رینجرز نے آپریشن کے دوران 3 مغویوں کو بازیاب کرالیا، 8 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا، جبکہ لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے، دوسری جانب رینجرز نے پرانا گولیمار کے علاقے میں بھی سرچ آپریشن شروع کردیا۔ گزشتہ روز لیاری کے علاقے 8 چوک سے رینجرز کے 2 اہلکاروں کے اغواء اور قتل کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے، لیاری کے 22 داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز کے جوان تعینات کردیئے گئے ہیں، آپریشن میں ایک ہزار اہلکار، ایک درجن سے زائد بکتر بند گاڑیاں اور موٹر سائیکل اسکواڈ حصہ لے رہا ہے، علاقے کے جرائم پیشہ افراد اور گینگ وار میں ملوث ملزمان کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق 3 مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران 8 افراد کو گرفتار بھی کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب آپریشن کے خلاف لیاری کے مختلف علاقوں اور ملیر میمن گوٹھ میں احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے ہوئے ہیں، ملیر میں احتجاج کے دوران کاروبار اور دکانیں بند ہوگئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔