25 مارچ ، 2025
پشاور: خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں میں نمایاں فرق کی دستاویز جیو نیوز کو موصول ہوگئی۔
دستاویزات کے مطابق آئی جی بلوچستان کی ماہانا تنخواہ خیبر پختونخوا کے آئی جی سے 3 لاکھ 69 ہزار 498 روپے زیادہ ہے اور بلوچستان کے ایس پی کی تنخواہ کے پی کی ایس پی سے 2 لاکھ 21 ہزار 196 روپے زیادہ ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور کے پی کے ایس ایس پی اور اے آئی جی کی تنخواہوں میں 2 لاکھ 81 ہزار 177 روپے کا فرق ہے جب کہ کے پی اور بلوچستان کے ڈی آئی جی کی تنخواہ میں 3 لاکھ 6 ہزار 474 روپے کا فرق ہے۔
دستاویزات کے مطابق کے پی اور بلوچستان کے ایڈیشنل آئی جی کی تنخواہ میں 3 لاکھ 22 ہزار 309 روپے کا فرق ہے، بلوچستان میں کانسٹیبل کی تنخواہ 69 ہزار 885 روپے جب کہ کے پی پولیس کانسٹیبل کی تنخواہ 69 ہزار127 روپے ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے اے ایس آئی کی تنخواہ میں 345 روپے کا فرق ہے۔
بلوچستان میں سب انسپکٹر کے پی پولیس کے مقابلے میں 1606روپے کم تنخواہ وصول کرتے ہیں، انسپکٹر کی تنخواہ میں 363، ڈی ایس پی، اے ایس پی کی تنخواہ میں 14 ہزار 540 روپے کا فرق ہے جب کہ پنجاب اور سندھ کے پولیس اہلکاروں اور افسران کی تنخواہیں بھی کے پی پولیس سے زیادہ ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذولفقار حمید نے پولیس فورس کی تنخواہیں بڑھانے کے لیے وزیراعلیٰ کو خط ارسال کیا جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا پولیس کو ایک جیسی دہشتگردی کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا کو 'ہارڈ ایریا' قرار دے کر پولیس کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کی طرز پر بڑھائی جائیں۔