28 مارچ ، 2025
ایسا روزانہ نہیں ہوتا جب ہمارے نظام شمسی کے کسی سیارے کا اہم ترین حصہ اچانک غائب ہو جائے مگر ایسا زحل کے ساتھ ہو رہا ہے۔
آئندہ چند دنوں میں زحل کے خوبصورت رنگز یا دائرے ہماری نظروں سے غائب ہو جائیں گے۔
مگر فکرمند مت ہوں وہ چند ہفتوں بعد دوبارہ نمودار ہو جائیں گے۔
یہ بنیادی طور پر ایک بصری دھوکا ہے جو اس وقت ہوتا ہے سیارے ایک قطار میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔
اس قطار میں زحل اپنے مدار میں 26,73 ڈگری تک جھک جائے گا جبکہ زمین اپنے مدار میں 23.5 ڈگری تک جھک جائے گی۔
تو جب دونوں سیارے ایک ہی قطار میں موجود ہوں گے تو زحل کے گرد موجود رنگز نظروں سے غائب ہو جائیں گے۔
مشی گن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر Shannon Schmoll کے مطابق جب زحل اور زمین سورج کے گرد سفر کر رہے ہوتے ہیں تو ہم انہیں ایسی پوزیشن میں بھی دیکھتے ہیں جب رنگز اتنے پتلے ہو جاتے ہیں کہ وہ نظر نہیں آتے۔
تو اس طرح زحل کے گرد موجود رنگز ہمارے لیے غائب ہو جائیں گے البتہ طاقتور ٹیلی اسکوپ استعمال کرنے پر انہیں دیکھنا ممکن ہوگا۔
ڈاکٹر Shannon Schmoll نے بتایا کہ زحل اور زمین کا جھکاؤ رنگز کے نادیدہ ہونے کی بنیادی وجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زحل کے رنگز بہت زیادہ پتلے ہیں اور ان کا سب سے موٹا حصہ بھی ایک کلو میٹر جتنا موٹا ہے جبکہ زحل کا قطر ایک لاکھ 16 ہزار کلومیٹر ہے تو رنگز بہت زیادہ پتلے ہیں۔
یہ بصری دھوکا ایک یا 2 ہفتے تک برقرار رہے گا اور جب زحل کا جھکاؤ تبدیل ہوگا تو رنگز دوبارہ نمودار ہوجائیں گے۔
ایسا ہر 13 سے 15 سال میں ایک بار ہوتا ہے آخری بار ایسا 2009 میں ہوا تھا اور اگلی بار ایسا نظارہ 2038 یا 2039 میں دیکھنے میں آئے گا۔