09 مارچ ، 2013
حیدرآباد…صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے، بہت سی مشکلات آئیں لیکن تمام چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مختصر دورے پر حیدرآباد پہنچنے کے موقع پرسخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔صدر زرداری نے حیدرآباد کلب پہنچ کر بہن بے نظیر بستی کا افتتاح کیا۔ بہن بینظیر پروگرام کے تحت سندھ کے 23 اضلاع میں 6 ہزار 500 مکانات تعمیر کیئے گئے ہیں جو مستحق افراد کو دیئے جائیں گے۔ صدر زرداری نے حیدرآباد کراچی موٹروے ایم نائن کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو پہلی ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات نظر آرہے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ عوام خود ٹیکس ادا کریں مڈل مین کا کردار ختم کرنا چاہتے ہیں۔صدر زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ حیدرآباد شہر کی ری ڈیزائننگ کی جائے۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ میں دوستوں سے التجا کرتا ہوں کہ شاہ صاحب کی عزت کریں، ان کا خیال کریں، وہ کام کے آدمی ہیں، ان کا کام اچھا ہے۔صدرزرداری ضلع ٹھٹھہ میں کوہستانی علاقے جھنگڑی میں ساڑھے 8ارب روپے سے زائد مالیت سے تعمیرکیے جانیوالے دراوٹ ڈیم کاافتتاح بھی کیا۔ دراوٹ ڈیم میں پہاڑی سلسلوں سے آنے والا برساتی پانی ذخیرہ کیا جائیگا،جس سے علاقے کی 50ہزار سے زائد ایکڑ اراضی کاشت کی جاسکے گی۔