Time 26 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

ہزاروں سال پرانا دنیا کا قدیم ترین پنیر چین میں دریافت

ہزاروں سال پرانا دنیا کا قدیم ترین پنیر چین میں دریافت
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا/ فائل فوٹو 

سائنسدانوں نے شمال مغربی چین میں دنیا کا قدیم ترین پنیر دریافت کیا ہے۔

چین کے ایک صحرائی علاقے میں 1990 کی دہائی میں دریافت ہونے والی حنوط شدہ لاشوں کے اوپر سفید کے ذرات ملے تھے۔

اس وقت سے خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ پنیر ہوسکتا ہے۔

اب چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ماہرین نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے ان ذرات میں گائے اور بکری کے دودھ کے ڈی این اے کی تصدیق کی ہے۔ 

تجزیے سے ثابت ہوا کہ یہ 3600 سال پرانا پنیر ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ اب تک دریافت ہونے والا پنیر کا قدیم ترین نمونہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غذائی اشیا جیسے پنیر کو سیکڑوں برسوں تک محفوظ رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے اور اسی لیے یہ دریافت بہت اہم ہے۔

تجزیے کے مطابق اس پنیر میں ایسے بیکٹیریا موجود ہیں جو آج بھی تبت اور روس میں تیار کیے جانے والے اس طرح کے پنیر میں موجود ہوتے ہیں۔

ہزاروں سال پرانا دنیا کا قدیم ترین پنیر چین میں دریافت
یہ وہ پنیر ہے/ فوٹو بشکریہ (Yimin Yang)

ان کے خیال میں اس میں جس طرح کا خمیر استعمال ہوا اس سے پنیر کی زندگی بڑھی جبکہ صحرا کے خشک ماحول نے بھی اس حوالے سے کردار ادا کیا۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق اس طرح کا پنیر وہ افراد بھی کھا سکتے تھے جن کے لیے دودھ ہضم کرنا مشکل ہوتا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق کے نتائج دنگ کر دینے والے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ 3 ہزار برسوں کے دوران ایک بیکٹیریم کا ارتقا کس طرح ہوا۔

ویسے یہ پہلے سے معلوم ہے کہ انسان 7 ہزار برسوں سے پنیر کھا رہے ہیں مگر اس حوالے سے شواہد نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ہزاروں سال پرانا دنیا کا قدیم ترین پنیر چین میں دریافت
اس طرح کی لاشوں سے یہ ذرات ملے تھے/ فوٹو بشکریہ (Yimin Yang)

سائنسدانوں کو ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پنیر کے ذرات لاشوں پر کیوں چھڑکے گئے۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ قدیم پنیر پر تحقیق سے ہمیں اپنے آباؤاجداد کی غذا اور ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :