11 مارچ ، 2013
اسلام آباد … سانحہ بادامی باغ کے خلاف سینیٹ میں شدید احتجاج کیا گیا ، ایم کیو ایم نے واک آوٴٹ بھی کیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ناموس رسالت قانون کا غلط استعمال کرنے والوں کو 10 بارسزائے موت ملنی چاہئے۔ سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ اقلیتوں کی جان، عزت اور مال کا تحفظ ان کا آئینی حق ہے، سانحہ بادامی باغ پرہمیں شرم سے مر جانا چاہئے، مسیحیوں کو یقین دہانی کرائی جائے کہ ان سے جوزف کالونی کی اراضی نہیں چھیننے دی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ناموس رسالت کا غلط استعمال کرنے والے مسلمانوں کو 10 بار سزائے موت ملنی چاہئے۔ اے این پی کے حاجی عدیل نے کہا ہوسکتا ہے یہ معاملہ اقوام متحدہ میں پیش ہوجائے کہ پاکستان اقلیتوں کو تحفظ نہیں دے رہا۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ بادامی باغ حملہ ایک منظم کارروائی تھی، جھوٹا الزام لگانے والوں کو قانون کے تحت سزا ملنی چاہئے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ رئیسانی نے ہزارہ، قائم علی شاہ نے عباس ٹاوٴن اور نہ ہی شہبازشریف نے بادامی باغ پر حملہ کیا، عباس ٹاوٴن کے متاثرین آج تک سڑک پر ہیں، بادامی باغ متاثرین کے گھروں کی 24 گھنٹوں میں تعمیر شروع ہو چکی۔