پاکستان
11 مارچ ، 2013

شاہ زیب قتل کیس: 2 گواہوں کے بیانات قلمبند، سماعت کل پھر ہوگی

شاہ زیب قتل کیس: 2 گواہوں کے بیانات قلمبند، سماعت کل پھر ہوگی

کراچی … کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔ شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن کے روبروپیش کیا گیا۔ عدالتی کارروائی کی کوریج کیلئے صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی وقار احمد سومرو کا بطور گواہ بیان ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزمان شاہ رخ، سراج تالپور، سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کی شناختی پریڈ عدالت میں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین نے عدالت کے روبرو ملزمان کو شناخت کرلیا ہے۔ مقدمے کی دوسری گواہ کی حیثیت سے مقتول شاہ زیب کی والدہ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنا بیان قلمبند کروایا۔ دوران سماعت استغاثہ کے گواہوں کے بیانات پر ملزمان کے وکلاء نے جرح بھی کی۔ عدالت نے کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد کل تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :