12 مارچ ، 2013
لندن…برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر نے خبردار کیا ہے کہ اینٹی بایوٹکس کے خلاف جراثیم کی بڑھتی ہوئی مزاحمت دہشت گردی جیسا مہلک خطرہ بنتی جارہی ہے۔ برطانوی طبی ماہرین کے مطابق اینٹی بایوٹکس ادویات آئندہ چند برسوں میں بے اثر ثابت ہوں گی اور یہ ایک ٹائم بم کی طرح ہوگا جو کبھی بھی پھٹ سکتا ہے۔ اگلے 20برسوں میں معمولی آپریشنز بھی اس لیے خطرناک ثابت ہوجائیں گے کیونکہ جسم میں انفیکشن سے لڑنے کی صلاحیت انتہائی کم ہوچکی ہوگی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس سلسلے میں اقدامات نہیں کیے گئے تو انسان دوبارہ طبی دنیا میں 19 ویں صدی کے دور میں چلاجائے گا۔ اینٹی بایوٹکس ادویات کی شدت ختم ہونے سے معمولی بیماریوں کے علاج میں بھی دشواری ہوگی۔ ماہرین کے مطابق 80 کی دہائی کے بعد کوئی نئی اینٹی بایوٹک دوا نہیں بنائی گئی۔ فارمیسی کی دنیا میں بھی بہت کم نئی اینٹی بایوٹکس پر کام ہورہا ہے۔