پاکستان
12 مارچ ، 2013

کراچی میں آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کردیئے گئے

کراچی میں آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کردیئے گئے

کراچی…بحریہ ٹاوٴن اور امریکی سرمایہ کاروں کے درمیان کراچی میں آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کر دیے گئے۔ آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط بحریہ ٹاوٴن کے چیئرمین علی ریاض ملک اور امریکی سرمایہ کار تھامس کریمر نے کیے ۔ سمجھوتے پر دستخط کی تقریب کے بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بحریہ ٹاوٴن کے سابق چیئرمین ملک ریاض کا کہنا تھا کہ منصوبے پر 20ارب ڈالر تک لاگت آئے گی۔اس کو سمندر کے اوپر دنیا کے جدید ترین 6 رویہ پل بنا کرکراچی سے منسلک کیا جائے گا۔ آئی لینڈ سٹی میں دنیا کے بڑے شاپنگ مال ،میڈیا ،ایجوکیشن سٹی سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، آئی لینڈ سٹی میں گھروں کا قبضہ دو سے تین سال میں دے دیا جائے گا۔ ملک ریاض نے کہا کہ شیخ النہیان کے ساتھ کیا جانے والا منصوبہ بعض افراد نے رکوادیا، لیکن وہ آگے ہی بڑھتے جائیں گے۔ ا مریکی سرمایہ کار تھامس کریمر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے، اس سرمایہ کاری سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو جائے گا اور دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر تبدیل ہوگا۔ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے اور وہ قوم سے 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کا وعدہ پوراکریں گے، پاکستان پر جو قرض ہے وہ بھی دو سال کے اندر اتار سکتے ہیں۔بحریہ ٹاوٴن کے سابق چیئرمین ملک ریاض کا کہنا ہے کہ آئی لینڈ سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار میسر آئے گا بلکہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے گا۔

مزید خبریں :