Time 28 مئی ، 2025
دنیا

ٹرمپ نے کینیڈا کو جدید ترین دفاعی سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ کا حصہ بننے کیلئے انوکھی پیشکش کر دی

ٹرمپ نے  کینیڈا کو جدید ترین دفاعی سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ کا حصہ بننے کیلئے انوکھی پیشکش کر دی
فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو انوکھی پیشکش کی ہے کہ اگر وہ امریکا کا حصہ بن جائے تو وہ ان کا تجویز کردہ جدید میزائل دفاعی سسٹم 'گولڈن ڈوم' مفت حاصل کر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ جو بار ہا کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں، نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ کینیڈا اگر امریکا کا حصہ بن جائے تو اسے’گولڈن ڈوم‘ دفاعی سسٹم مفت ملے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ البتہ  اگر کینیڈا خودمختار ریاست کے طور پر برقرار رہا تو اسے دفاعی سسٹم کا حصہ بننے کے لیے 61 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

کینیڈا کےوزیر اعظم مارک کارنی نےگزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کا ملک 175 ارب ڈالر کے مجوزہ منصوبے میں سرمایہ کاری پر غور کر رہا ہے۔البتہ کینیڈا امریکا میں ضم ہونے پر بالکل تیار نہیں ہے۔

جدید ترین دفاعی سسٹم 'گولڈن ڈوم' کا منصوبہ

گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی حملوں سے امریکا کو بچانے کے لیے ایک نئے میزائل دفاعی نظام "گولڈن ڈوم" کے منصوبے کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر175ارب ڈالرخرچ ہوں گے۔

امریکی صدر نے بتایا تھا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام کے کچھ حصےزمین کے گردمدار میں بھی ہوں گے، اس نظام میں سیٹیلائیٹ ٹریکنگ اور اسپیس انٹرسیپٹرز بھی شامل ہوں گے۔گولڈن ڈوم دفاعی نظام خلاسے داغے گئے میزائلوں کو بھی مارگرانے کے قابل ہوگا۔

اس کے علاوہ ٹرمپ نے کہا  تھا کہ کینیڈا گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے اور امریکا اس حوالے سے کینیڈا کی مدد بھی کرے گا۔


مزید خبریں :