14 مارچ ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں کل ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بننے والی سماجی کارکن پروین رحمان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔پروین رحمان کی نمازجنازہ سفاری بلیوارڈ فیزتھری گلستان جوہرمیں ان کی رہائش گاہ کے باہرادا کی گئی جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ تدفین محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں ہو ئی۔پروین رحمان کے قتل کا مقدمہ ان کے ڈرائیورولی داد کی مدعیت میں پیرآباد تھانے میں درج کیا گیا ہے۔جبکہ پیرآباد تھانے کے ایس ایچ او کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو گزشتہ روزکراچی میں پیرآباد تھانے کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔واقعہ کے بعد اورنگی ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپے مار کر 35افراد کو حراست میں لیاہے۔ ڈی ایس پی زاہد حسین کے مطابق اسلامیہ کالونی سے 4 ،ایم پی آر کالونی سے 4 ،فرنٹیئر کالونی سے 7 ،میٹروول سے 3 ،اور مختلف علاقوں سے 5 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔