14 مارچ ، 2013
لاہور … حکومت پنجاب نے سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی کو بادامی باغ واقعے کے تناظر میں تبدیل کر کے آر پی او سرگودھا محمد عملیش کو سی سی پی او لاہور مقرر کردیا۔ سی سی پی اولاہور امجد جاوید سلیمی کو دوسری بار ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، اس سے قبل سیالکوٹ جیل میں 7 افراد کے قتل کے وقت وہ ڈی پی او سیالکوٹ تھے، جبکہ گورنر راج کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے وقت وہ ڈی آئی جی آپریشنز تھے لیکن انہیں ہٹایا نہ گیا، اب پھر ان کے دور میں بادامی باغ جیسا واقعہ پیش آ گیا ہے۔ امجد سلیمی کو ہٹانے کا فیصلہ حکومت پنجاب کی جانب سے اس وقت کیا گیا جب بادامی باغ واقعے کا سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کا کیس چل رہا ہے۔ امجد جاوید سلمی کو ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ تعینات کیا گیا ہے، اب امجد جاوید سلیمی کی جگہ محمد عملیش کو لگایا گیا ہے۔ محمد عملیش ایس پی فیصل آباد، اوکاڑہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، پیرس میں کونسلر ویلفیئر، ڈی آئی جی ایڈمن، انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر پنجاب رہ چکے ہیں، جن کی فیلڈ پوسٹنگ کا تجربہ بہت کم ہے کیونکہ وہ تقریباً ڈھائی سال قبل ہی پیرس سے 8 سال بعد پاکستان آئے ہیں۔