پاکستان
14 مارچ ، 2013

قومی اسمبلی: لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹ فوجداری جرم، قرار داد منظور

قومی اسمبلی: لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹ فوجداری جرم، قرار داد منظور

اسلام آباد … جیو نیوز اور تعلیم سے متعلق پروگرام چل پڑھا نے ایک اور کامیابی حاصل کرلی، قومی اسمبلی نے الوداعی اجلاس میں لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹ ڈالنے کو فوجداری جرم قرار دینے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ 5 سال کی مدت پوری کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والی قومی اسمبلی اپنے الوداعی اجلاس میں ایک اور اعزاز بھی حاصل کر گئی۔ مسلم لیگ ق کی رکن قومی اسمبلی عطیہ عنایت اللہ نے لڑکیوں کو بلا امتیاز تعلیم کا حق دینے کی قرارداد پیش کی تو سبھی نے حمایت کر دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان لڑکیوں کو کسی بھی طرح تعلیم سے محروم کرنے کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور ان کی لازمی تعلیم کے آرٹیکل 25 اے پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد کی سفارش کرتا ہے۔ ایوان لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنے کیلئے انفرادی، گروپ یا ادارے کی رکاوٹ، دھمکی یا حملے کو فوجداری جرم قرار دینے کا عزم ظاہرکرتا ہے۔ قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ آنے والی قومی اسمبلی ملک میں لڑکیوں کی تعلیم، صحت اور حفاظت یقینی بنانے کیلئے ضروری قانون سازی کرے۔ اسلام آباد میں رم جھم برستی بارش میں قومی اسمبلی کے آخری اجلاس کے اختتام کے ساتھ ہی آئینی مدت کے پارلیمانی ایام بھی پورے ہوگئے لیکن جاتے ہوئے اس اسمبلی نے لڑکیوں کو لازمی تعلیم فراہم کرنے کی قرارداد منظور کر کے پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید دی ہے۔

مزید خبریں :