14 مارچ ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کی سہولت دینے کے بارے میں ای ووٹنگ کی خود تجویز دی تھی ،عدالتی احکامات کے باوجود اب تک کوئی قابل عمل پلان نہیں بنایا گیا۔ اٹارنی جنرل وزارت آئی ٹی کے حکام سے ملاقات کر کے کل تک آگاہ کریں ۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت کے بارے میں درخواست کی سماعت کی ، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بنیادی سوال یہ ہوگاکہ بیرون ملک پولنگ اسٹیشنز کیسے قائم کیے جائیں، بہت سے ممالک میں سفارت خانوں میں ووٹ ڈالنے کا انتظام کیا جاتا ہے، امریکی انتخابات کے وقت پاکستان میں ان کے سفارت خانے میں ووٹ کی سہولت دی جاتی ہے، اب تو حکومت کے پاس قانون سازی کا وقت بھی نہیں رہا، چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ بیرون ملک ووٹ کی سہولت کے لیے ای ووٹنگ کو ممکن بنائیں،الیکشن کمیشن اور حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، مزید سماعت کل ہوگی۔